بھونیشور، 2/جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکمران بیجو جنتا دل کے متاثر کن ممبر اسمبلی سوریہ نارائن پاترو کو ہفتہ کو متفقہ طور پر اڑیسہ کی 16 ویں اسمبلی کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ سات بار سے رکن اسمبلی رہے پاترو کانام ایوان کے لیڈر اور وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے تجویز کیا اور پارلیمانی امور کے وزیر بی کے اروکھا نے اس کی حمایت کی۔اسمبلی کے عارضی چیئرمین امر پرساد ستپتھی نے کہا کہ اسمبلی کے صدر کے لیے کوئی دوسرا امیدوار نہیں تھا۔اسمبلی صدر کے طور پر 70 سالہ پاترو کے نام کے اعلان کے بعد وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر نرسمہا مشرا انہیں اسمبلی صدر کے اسٹیج تک لے کر گئے۔پٹنائک نے کہا کہ میں نئے اسمبلی اسپیکر کو مبارکباد دیتا ہوں۔مشرا نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ نئے اسمبلی اسپیکر سیاسی نظریات سے اوپر اٹھ کر کام کریں گے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اپوزیشن کو تحفظ دیں گے۔ اڑیسہ اسمبلی کے 22 ویں اسمبلی کے صدر منتخب کئے گئے پاترو نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ایوان نے مجھے متفقہ طور پر اسمبلی کے صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیا ہے۔میں ایوان کے لیڈر اور وزیر اعلی اور تمام ممبران اسمبلی کو ان کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔